نئی دہلی،24/جولائی (ایس او نیوز/ آئی این ایس انڈیا)پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے بیان کو لے کر ہنگامہ جاری ہے۔اس دوران بدھ کو راجیہ سبھا میں کچھ ممبران پارلیمنٹ کی مدت کا آخری دن تھا۔راجیہ سبھا میں الوداعی تقریر کے دوران ایک رکن جذباتی ہو گئے۔انادرمک ایم پی واسدیون میتریین اپنی تقریر کے دوران جذباتی ہو گئے اوراپنے آنسونہیں روک پائے۔ساتھ ہی انہوں نے ایوان سے اپیل کی کہ ان کے انتقال پر ایوان میں غم نہ جتایا جائے۔جب ایم پی میتریین اپنی الوداعی تقریر کرنے کے لیے ایوان میں کھڑے ہوئے تومدت کے بارے میں بات کی۔واسدیون میتریین نے کہا کہ ایوان میں 14 سال سے زیادہ کا سفر آج ختم ہو رہا ہے۔اتنا کہتے ہی وہ جذباتی ہو گئے اور ایوان میں ہی رو پڑے۔اس دوران انہوں نے بہت سے ساتھیوں کا شکریہ ادا کیا۔ایم پی نے کہاہے کہ آج رخصت لیتے ہوئے اپنے خاص دوست ارون جیٹلی اور وزیر اعظم نریندر مودی کا بھی شکریہ اداکرتے ہیں۔اتنا ہی نہیں انہوں نے اس دوران کہا کہ جب 2009 میں سری لنکا میں کئی تامل لوگوں کی موت ہوئی تو راجیہ سبھا میں غم نہیں ظاہر کیا گیا تھا، جس سے مجھے کافی تکلیف پہنچی تھی تو میں ایوان سے اپیل کرتا ہوں کہ میرے مرنے پر بھی کبھی ایوان میں کوئی غم تجویز نہیں لائی جائے۔اس دوران وی میتریین نے راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر غلام نبی آزاد اور اپنی پارٹی کے لیڈر کا بھی اظہار تشکر کیا، ساتھ ہی مختلف جماعتوں کے سینئر ممبران پارلیمنٹ کو شکریہ کہا۔انہوں نے سیکرٹریٹ کے ملازمین کا بھی وقت پر مدد کے لئے اظہار تشکر کیا۔ساتھ ہی ساتھ انہوں نے تمل ناڈو کی سابق وزیراعلیٰ جے للتا کو بھی یاد کیا۔بتا دیں کہ بدھ کو راجیہ سبھا سے کل 5 ممبران پارلیمنٹ کی مدت کا آخری دن تھا۔ان میں ڈی راجہ، وی میتریین، کے آر ارجن،آرلکشمن، ٹی رتنویل شامل ہیں۔